اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، حزب اللہ لبنان کے آپریشنز روم نے ہفتے کے روز جاری بیان میں کہا کہ اسلامی مزاحمت جنگ بندی کی مکمل پابندی کر رہی ہے، تاہم وہ دشمن کی جانب سے زمین پر قبضے اور جارحیت کے پھیلاؤ کی کسی بھی کوشش کے سامنے ہرگز پسپائی اختیار نہیں کرے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ اسلامی مزاحمت کے مجاہدین مکمل طور پر چوکس اور تیار ہیں اور اپنے وطن، سرزمین اور عوام کے دفاع کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کا عزم رکھتے ہیں۔
حزب اللہ نے بتایا کہ مزاحمتی مجاہدین نے مناسب ہتھیاروں کے ذریعے علی الطاہر کی پہاڑیوں کی سمت پیش قدمی کرنے والے دشمن فوجیوں کا مقابلہ کیا، جس کے نتیجے میں ان میں ہلاکتیں اور زخمی ہونے کے واقعات پیش آئے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اسلامی مزاحمت گزشتہ روز شام سے نافذ ہونے والی جنگ بندی کی پابندی پر قائم ہے، حالانکہ دشمن نے اس کے نفاذ کے ابتدائی لمحات ہی میں اس کی خلاف ورزی شروع کر دی تھی۔
حزب اللہ نے الزام عائد کیا کہ اسرائیلی دشمن اپنی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کو جواز فراہم کرنے کے لیے جھوٹے دعووں کا سہارا لے رہا ہے۔
آپ کا تبصرہ